حدیث · 3379

کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہوں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں۔ ایک فرشتہ کہتا ہے کہ اے اللہ! خرچ کرنے والے کو اس کا بدلہ دے اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ!…

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «مَا مِنْ يَوْمٍ يُصْبِحُ العِبَادُ فِيهِ إِلَّا مَلَكَانِ يَنْزِلاَنِ، فَيَقُولُ أَحَدُهُمَا: اللَّهُمَّ أَعْطِ مُنْفِقًا خَلَفًا، وَيَقُولُ الآخَرُ: اللَّهُمَّ أَعْطِ مُمْسِكًا تَلَفًا».

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا:

"کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہوں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں۔ ایک فرشتہ کہتا ہے کہ اے اللہ! خرچ کرنے والے کو اس کا بدلہ دے اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ! روک کر رکھنے والے کے مال کو ہلاک کردے"۔

صحیح ماخذ: متفق عليه

شرح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ ہر دن، جس میں سورج طلوع ہوتا ہے، دو فرشتے اتر کر پکارتے ہیں۔ ایک کہتا ہے:

اے اللہ! نیکی کے کاموں میں، بال بچوں پر، مہمانوں پر اور دیگر نفلى کاموں میں خرچ کرنے والوں کو بہتر بدلہ عطا فرما اور اس کے مال میں برکت دے۔

جب کہ دوسرا کہتا ہے: اے اللہ! خرچ کرنے سے ہاتھ روک کر رکھنے والے کے مال کو، جسے اس نے حق داروں کو دینے سے روک کر رکھا ہے، تباہ کر دے۔

حدیث کے فوائد

  • سخی کے لیے مزید بدلے کی دعا کرنا اور یہ دعا کرنا بھی جائز ہے کہ جو اس نے خرچ کیا ہے، اس سے بہتر اسے نصیب ہو۔ نیز بخیل کو یہ بد دعا دینا جائز ہے کہ وہ مال برباد ہوجائے جس مال میں اس نے بخیلی کی اور جس کام میں اللہ نے اس پر خرچ کرنا واجب قرار دیا ہے، اس میں خرچ کرنے سے گریزاں رہا۔
  • فرشتے ان نیک مومنوں کے لیے خیر وبرکت کی دعا کرتے ہیں جو خرچ کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ فرشتوں کی دعا قبول ہوتی ہے۔
  • واجب اور نفلی کاموں، جیسے اہل و عیال پر، صلہ رحمی میں اور نیکی کے تمام کاموں میں خرچ کرنے کی ترغیب۔
  • نیکی کے کاموں میں خرچ کرنے والے کی فضیلت کے ساتھ ساتھ اس بات کا بیان کہ اللہ اسے بہتر صلہ عطا کرتا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے: "تم جو کچھ بھی اللہ کی راه میں خرچ کرو گے اللہ اس کا (پورا پورا) بدلہ دے گا اور وه سب سے بہتر روزی دینے واﻻ ہے۔" [سورہ سبا: 39]
  • یہ بد دعا واجب نفقوں سے دست کش رہنے والے کے خلاف ہے۔ مستحب نفقے اس میں داخل نہيں ہوں گے۔ کیوں کہ ایسا کرنے والا اس بد دعا کا مستحق نہيں ہے۔
  • بخیلی اور کنجوسی حرام ہے۔

نفلی صدقہ

یہ حدیث دوسری زبانوں میں: Bosanski · English · العربية · Deutsch · Türkçe · Bahasa Indonesia · فارسی · বাংলা

متن، ترجمہ، شرح اور حکم: HadeethEnc.com – ترجمہ شدہ احادیثِ نبویہ کا انسائیکلوپیڈیا۔ ماخذ پر دیکھیں

متعلقہ احادیث

→ تمام احادیث اور موضوعات