حدیث · 6014
اس آدمی کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے اور وہ مجھ پر درود نہ پڑھے, اس آدمی کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے رمضان آئے اور نکل جائے اور وہ اپنی مغفرت کا سامان نہ کر…
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
: ”اس آدمی کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے اور وہ مجھ پر درود نہ پڑھے, اس آدمی کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے رمضان آئے اور نکل جائے اور وہ اپنی مغفرت کا سامان نہ کر سکے اور اس آدمی کی ناک خاک آلود ہو جو اپنے والدین کو بڑھاپے کی حالت میں پائے اور دونوں اسے جنت میں داخل نہ کر سکیں۔"
شرح
اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے تین قسم کے لوگوں کے حق میں بد دعا فرمائی ہے کہ وہ اتنے ذلیل ہوں اور خسارے میں پڑیں کہ ان کی ناک خاک آلود ہو جائے: پہلی قسم : ایسے لوگ جن کے سامنے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکر آئے اور وہ 'صلی اللہ علیہ و سلم' کہہ کر یا اس طرح کے دوسرے صیغے استعمال کر کے آپ پر درود نہ بھیجیں۔ دوسری قسم : ایسے لوگ جن کے سامنے رمضان المبارک کا مہینہ آیا اور گزر بھی گیا، لیکن وہ نیکی کے کام کر کے اپنی مغفرت کا سامان نہ کر سکے۔ تیسری قسم : ایسا شخص جس نے اپنے والدین کو بڑھاپے کی حالت میں پایا اور ان کی نافرمانی اور ان کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کی وجہ سے ان کو دخول جنت کا سبب نہ بنا سکا۔
حدیث کے فوائد
- سندھی کہتے ہيں: خلاصہ کلام یہ کہ ان میں سے ہر شخص کو ایسے مواقع ہاتھ آئے کہ اگر کوتاہی سے کام نہ لیتا تو بڑی خیر حاصل کر سکتا تھا۔ ان میں سے ہر شخص کو اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔
- اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم پر، جب جب آپ کا نام آئے، درود بھیجنے کی ترغیب۔
- ماہ رمضان میں عبادت کے لیے کمر کس لینے اور خوب عبادت کرنے کی ترغیب۔
- والدین کی فرمانبرداری اور خدمت کرنے کی ترغیب۔ خاص طور سے ان کے بڑھاپے میں۔
یہ حدیث دوسری زبانوں میں: Bosanski · English · العربية · Deutsch · Türkçe · Bahasa Indonesia · فارسی · বাংলা
متن، ترجمہ، شرح اور حکم: HadeethEnc.com – ترجمہ شدہ احادیثِ نبویہ کا انسائیکلوپیڈیا۔ ماخذ پر دیکھیں