حدیث · 5333
مسلمان کو گالی دینا فسق کا کام اور اس سے لڑنا کفر ہے۔
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
"مسلمان کو گالی دینا فسق کا کام اور اس سے لڑنا کفر ہے۔"
شرح
اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے اس بات سے منع کیا ہے کہ کوئی مسلمان اپنے کسی مسلمان بھائی کے ساتھ گالی گلوج کرے۔ اسے آپ نے فسق یعنی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی پیروی کے دائرے سے باہر نکلنا بتایا ہے۔ آپ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایک مسلمان کا اپنے کسی مسلمان بھائی سے لڑنا کفریہ عمل ہے۔ لیکن یہ کفر اصغر ہے۔
حدیث کے فوائد
- مسلمان کے خون او اس کى عزت وناموس کا احترام کرنا واجب ہے۔
- کسی مسلمان کو ناحق گالی دینے والے کا بھیانک انجام کہ آپ نے اسے فاسق کہا ہے۔
- کسی مسلمان کو گالی دینا اور اس سے لڑنا ایسے اعمال ہیں جو ایمان کو کمزور اور ناقص بنا دیتے ہیں۔
- کچھ ایسے بھی اعمال کو کفر کہا گیا ہے، لیکن وہ ملت اسلام سے خارج کر دینے والا کفر اکبر نہیں ہوا کرتے۔
- یہاں کفر سے مراد کفر اصغر ہے، جو انسان کو اسلام کے دائرے سے باہر نہیں نکالتا۔ اس بات پر اہل سنت کا اتفاق ہے۔ کیوں کہ خود اللہ عز و جل نے جھگڑے اور اختلاف کے وقت بھی اخوت ایمانی باقی رہنے کی بات کہی ہے۔ ارشاد ربانی ہے : "اور اگر مسلمانوں کی دو جماعتیں آپس میں لڑ پڑیں، تو ان میں میل ملاپ کرا دیا کرو۔ پھر اگر ان دونوں میں سے ایک جماعت دوسری جماعت پر زیادتی کرے، تو تم (سب) اس گروه سے، جو زیادتی کرتا ہے، لڑو۔ یہاں تک کہ وه اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے۔ اگر لوٹ آئے، تو پھر انصاف کے ساتھ صلح کرا دو اور عدل کرو۔ بےشک اللہ تعالیٰ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ (یاد رکھو) سارے مسلمان بھائی بھائی ہیں۔ پس اپنے دو بھائیوں میں ملاپ کرا دیا کرو۔"
فضائل و آداباخلاق ذمیمہ/ برے اخلاق
یہ حدیث دوسری زبانوں میں: Bosanski · English · العربية · Deutsch · Türkçe · Bahasa Indonesia · فارسی · বাংলা
متن، ترجمہ، شرح اور حکم: HadeethEnc.com – ترجمہ شدہ احادیثِ نبویہ کا انسائیکلوپیڈیا۔ ماخذ پر دیکھیں